نئی دہلی ،30جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)نئی دہلی سے ملحق نوئیڈا-گریٹر نوئیڈا میں یکم اگست سے نئے سرکل ریٹ لاگو ہو جائیں گے۔اقتصادی بحران، نوٹ بندی، انکم ٹیکس کے سخت قوانین کی وجہ سے املاک کی خرید و فروخت کافی تھم گئی ہے۔اس کی وجہ سے سرکل ریٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔پہلی بار ایسا ہوا ہے، جب کسی بھی طرح کی جائیداد کے سرکل ریٹ میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔نوئیڈا کے سیکٹر 27کے کیمپ آفس میں ضلع مجسٹریٹ بی این سنگھ نے کہا کہ مجوزہ سرکل ریٹ کو لے کر 9اعتراضات آئے تھے،تمام اعتراضات کانمٹارہ کر دیا گیا ہے،تقریبا تمام اعتراضات میں سرکل ریٹ کم کرنے کی مانگ کی گئی تھی۔
بتا دیں کہ علاقے کے زیور میں ایئر پورٹ کا اعلان ہونے کے سبب اسٹیٹ کی خرید و فروخت کو لے کربہت اضافہ ہوا ہے۔حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر علاقے میں زمین کی خریداری فروخت زیادہ بڑھی تب ضلع مجسٹریٹ اپنی صوابدیدکا استعمال کرکے سرکل ریٹ کو سال کے درمیان میں کبھی بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔
اتنا ہی نہیں، نوئیڈا۔گریٹر نوئیڈا کے اتھارٹی نے الاٹمنٹ قیمتیں نہیں بڑھائی تھیں۔نوئیڈا اتھارٹی ہر سال اپریل مہینے میں الاٹمنٹ کی شرح میں اضافہ کرتا رہا ہے لیکن اس بار اتھارٹی نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔اس کی وجہ سے بھی سرکل ریٹ نہیں بڑھائے گئے۔